Time 14 مارچ ، 2018
پاکستان

کراچی: شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول میں مشکلات، نادرا کے 2 ڈائریکٹرز برطرف


کراچی: چیئرمین نادرا نے شناختی کارڈ کے حصول میں عوام کو درپیش مسائل پر 2 ڈائریکٹرز کو ملازمت سے فارغ کرتے ہوئے ڈی جی نادرا سندھ کا تبادلہ کردیا جب کہ ڈیفنس میں میگا سینٹر کے پورے عملے کو بھی تبدیل کردیا گیا۔

چیئرمین نادرا عثمان مبین نے گزشتہ رات ڈیفنس میں قائم نادرا کے میگا سینٹر کا اچانک دورہ کیا اور رات گئے شہریوں کی طویل قطاریں دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

نادرا کے ترجمان کے مطابق چیئرمین نے کراچی میں تعینات دو ڈائریکٹرز کو ملازمت سے فارغ کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نادرا سندھ کرنل انیس کیانی کو بھی تبدیل کردیا۔

ترجمان کے مطابق انیس کیانی کی جگہ کرنل میر عجم نئے ڈی جی نادرا سندھ تعینات کردیے گئے گئے جنہیں 2 ماہ میں شہریوں کے مسائل حل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ چیئرمین نادرا نے محکمے میں اعلیٰ کارکردگی کا ریکارڈ رکھنے والے افسران کو بھی کراچی طلب کرلیا۔

ترجمان نادرا کے مطابق کرنل تیمور راٹھور ڈائریکٹر میگا سینٹرز اور کرنل سہیل احمد ڈائریکٹر آپریشن تعینات کیے گئے ہیں۔

کراچی میں دفاتر ہفتہ اور اتوار کو بھی کھولنے کا حکم

چیئرمین نادرا عثمان مبین نے سائلین کی مشکلات کے پیش نظر کراچی میں ہفتہ اور اتوار کو بھی دفاتر کھولے رکھنے کا حکم دیا ہے۔

ترجمان نادرا کے مطابق چیئرمین عثمان مبین نے شہر کے مختلف سینٹرز کا ہنگامی دورہ کیا جس کے دوران سائلین سے مسائل پوچھے اور کہا کہ سائلین سے ایسا سلوک قطعی طور پر برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

چیئرمین نادرا نے ہفتہ اور اتوار کو بھی نادرا سینٹرز صبح 9 سے رات 9 بجے تک کھلا رکھنے کا حکم دیا اور ڈیفنس میگا سینٹر کے تمام عملے کو تبدیل کردیا جب کہ عوامی شکایات پر 4 سینٹرز کے انچارج کو معطل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل چیئرمین نادرا عام سائل بن کر سائٹ میں واقع میگا سینٹر پہنچے اور طویل قطار میں کئی گھنٹے کھڑے رہے۔

اس موقع پر طویل مشاہدے کے بعد چیئرمین نادرا نے شہریوں کو دانستہ تنگ کرنے اور ذمے داری سے غفلت برتنے والے عملے کے ایک فرد کو معطل جبکہ دوسرے کو برطرف کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :