16 مارچ ، 2018
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ عام انتخابات 2018 کے لئے نئی حلقہ بندیوں کی تفصیلات اور نقشے جاری کر دیے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق تمام مجوزہ حلقوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی گئیں، اور اب ووٹرز اپنے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کے نقشے دیکھ سکتے ہیں۔
دو ہفتے قبل کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نئی حلقہ بندیوں کی ضمنی تفصیلات جاری کیں تھیں۔
نئی حلقہ بندیاں حال ہی میں ملک میں ہونے والی مردم شماری کے نتائج کی روشنی میں کی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تین، پنجاب سے 141، سندھ سے 61 ، خیبرپختون سے 39 ، بلوچستان سے 16 اور قبائلی علاقے فاٹا سے 12 نشستیں ہوں گی۔
حلقہ بندیوں کی نئی فہرست کے مطابق سندھ اور فاٹا کی نشستوں پر کوئی فرق نہیں پڑا ہے جب کہ پنجاب کی 7نشستیں کم ہوئی ہیں۔
اسی طرح اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی نشستوں میں بالترتیب ایک ، 4 اور 2 نشستوں کا اضافہ ہوا ہے۔
نئے حلقوں کی ابتدائی فہرست کے مطابق قومی اسمبلی کا پہلا حلقہ یعنی این اے 1 پشاور کے بجائے اب چترال ہوگا۔
قومی اسمبلی میں خیبرپختون خوا کے حلقے این اے 1 سے این اے 39 تک ہوں گے جب کہ فاٹا کی نشستیں این اے 40 سے 51 تک ہوں گی۔
وفاقی دارالحکومت کے تین حلقے این اے 52، 53 اور 54 ہوں گے جب کہ پنجاب کے حلقے این اے 55 سے شروع ہو کر این اے 195 پر ختم ہوں گے۔
سندھ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 196 سے شروع ہو کر این اے 256 تک ہوں گے جب کہ بلوچستان کے حلقے این اے 257 قلعہ سیف اللہ سے شروع ہوں گے اور این اے 272 گوادر پر ختم ہوں گے۔