03 فروری ، 2012
اسلام آباد …اڈیالہ جیل کے لاپتہ قیدیوں سے متعلق میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاپتہ قیدیوں کی ہلاکت ملٹری کورٹ میں ٹرائل کے دوران ہوئی، چاروں افراد مختلف بیماریوں کا شکار تھے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق مختلف بیماریاں ہی چاروں افراد کی موت کا سبب بنی ہیں، اموات کی تصدیق لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ڈاکٹروں نے کی۔ اڈیالہ جیل کے لاپتہ قیدیوں میں سے ہلاک ہونے والے چار افراد میں محمد عامر، تحسین اللہ، سید عرب اور عبدالصبور شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملزمان ٹرائل کورٹ سے بری ہونے کے بعد 16 ایم پی او کے تحت اڈیالہ میں نظر بند تھے جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے 28 مئی 2010ء کو نظر بندی کالعدم قرار دی تھی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق چاروں قیدیوں کو اڈیالہ جیل سے لاپتہ ہونے کے بعد خفیہ ایجنسیوں نے فاٹا سے گرفتار کیا جس کے بعد ملزمان کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل شروع کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے لاپتہ قیدی جی ایچ کیو بیریئر اور آئی ایس آئی کی بس پر حملوں میں ملوث رہے۔