25 مارچ ، 2018
کہتے ہیں کہ ٹیلنٹ کسی کی میراث نہیں، یہ کہیں بھی کسی میں بھی پایا جا سکتا ہے اور یہی ثابت کیا ہے پاکستان سے تعلق رکھنے والے 6 سالہ بچے نے جو حیران کن طور پر بیک وقت 5 مختلف اقسام کی لیگ اسپن بولنگ کروا سکتاہے۔
کوئٹہ کے ایلی میکال کی عمر 6 سال 5 ماہ ہے لیکن خداداد صلاحیت ایسی کہ دیکھنے والے دنگ رہ جائیں۔
ایلی میکال اتنی کم عمری میں بلے بازوں کو تگنی کا نانچ نچا دینے والی لیگ اسپن بولنگ کی 5 مختلف اقسام یعنی لیگ بریک، گگلی، فیلپر، سکریمبل اور شین وارن کی اپنی ایجاد کردہ سلائیڈر کرانے کی صلاحیت رکھتاہے۔
کوئٹہ کے نواحی علاقے سے تعلق رکھنے والے ایلی میکال کو کرکٹ کا شوق تو کم عمری سے ہی ہے لیکن بالنگ کے اس حیرت انگیز فن کی باقاعدہ پریکٹس اس نے چند ماہ پہلے اپنے والد عبداللہ خان کی رہنمائی میں شروع کی جو کہ خود تو کمپیوٹر انجینئر اور ایک بزنس مین ہیں مگر وہ شوق کے اعتبار سے باقاعدہ کرکٹ کوچ بھی ہیں۔
عبداللہ خان اپنا شوق پورا کرنے کے لئے اپنی ہی بنائی اکیڈیمی میں کھلاڑیوں کے علاوہ اپنے بچے کو بھی پریکٹس کراتےہیں، بچے میں بولنگ کا رجحان دیکھ کر انہوں نے اس پر محنت کی اور اب بچہ اپنی جادوئی بالنگ سے دنیائےکرکٹ کو حیران کرنے کی پوزیشن میں ہے۔
ایلی میکال کی صلاحیت کا اعتراف اسی مخصوص شعبے میں کمال کی منزل پانے والے اسٹریلوی بولر شین وارن کے علاوہ ویرات کوہلی اور وسیم اکرم نے بھی کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شین وارن، ویرات کوہلی اور وسیم اکرم نے بھی بچے کی صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔
ایلی میکال کے والد کو اپنے بچے کی خداداد صلاحیت کے حامل ٹیلنٹ پر خوشی ہے مگر ان کا کہنا ہے کہ اسے مستقبل میں آگے بڑھنے کے لئے پیشہ ورانہ کوچنگ کی ضرورت ہو گی۔
کرکٹ کا جنون کی حد تک شوق اور بولنگ کی کمال صلاحیت اپنی جگہ مگر تیسری جماعت کے طالب علم ایلی میکال کا تعلیمی ریکارڈ بھی شاندار ہے۔
اس کے والد کی اس سے یہی کمٹمنٹ ہے کہ وہ تعلیم میں بہتر زرلٹ دے گا اور وہ بھی اسے کرکٹ میں آگے بڑھنے کے لئے بھرپور ساتھ اور سپورٹ فراہم کریں گے۔