23 جولائی ، 2012
بیجنگ … چین کے دارالحکومت بیجنگ سمیت کئی شہروں میں بارشوں اور سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 95 تک پہنچ گئی ہے۔ دارالحکومت بیجنگ اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں 2 روز سے جاری بارشوں، سیلابی ریلے اور مکانات کی چھت گرنے سے 37 افراد ہلاک ہوگئے۔ بارش اور سیلابی ریلوں سے بجلی اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ پہلے ہی صورتحال سے خبردار کردیتی تو اس قدر نقصان سے بچاجاسکتا تھا۔ باوٴ ڈنگ شہر میں سیلا ب سے پہاڑی تفریحی مقام تک جانے والا واحد پل بہہ جانے سے 70 سیاح پھنس گئے۔ پہاڑی چوٹی پر پھنسے سیاحوں کو نکالنے کیلئے امدادی ٹیموں نے خصوصی آپریشن کیا۔ سی چوان صوبے میں بھی سیلاب سے درجنوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔گیوڑہو صوبے میں بھی بارشوں سے کئی مکانات بہہ گئے ہیں۔