03 اپریل ، 2018
لاہور کی برکت مارکیٹ میں بیکری میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 5 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
لاہور کے علاقے گارڈن ٹاؤن کی برکت مارکیٹ میں 8 منزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر قائم بیکری میں علی الصبح اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے نہ صرف دکان بلکہ گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جہاں مختلف دفاتر بھی موجود تھے۔
آتشزدگی کے باعث وہاں موجود 5 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے جن میں سے 4 کی شناخت کرلی گئی ہے۔
اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا جس کے دوران عمارت میں موجود دفاتر کے دروازے اور دیواریں توڑ کر عملہ اندر داخل ہوا۔
پولیس کے مطابق برکت مارکیٹ میں پھنسے افراد کو باہر آنے کا راستہ نہیں مل سکا اور جاں بحق ہونے والے افراد عمارت میں دھواں بھرجانے کے باعث دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 8 منزلہ پلازہ کے گراؤنڈ اور فرسٹ فلور پر بیکری اور متعدد دفاتر آگ کی لپیٹ میں آئے جب کہ عمارت سے باہر نکلنے کے لئے کوئی ایمرجنسی راستہ نہیں تھا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق پانچوں افراد مختلف دفاتر کے ملازم تھے جن کی موت دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی جب کہ وہ موبائل فون پر اپنے اہلخانہ سے رابطے میں بھی رہے۔
دوسری جانب ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹر سہیل ثقلین نے میڈیا کو بتایا کہ جھلسنے والے 5 افراد کو اسپتال لایا گیا جن میں سے چار پہلے ہی جاں بحق ہو چکے تھے جبکہ پانچویں متاثرہ شخص نے اسپتال پہنچ کر دم توڑا۔
بیکری میں آتشزدگی کے حوالے سے ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے تاہم پولیس کی جانب سے اب تک اس کی تصدیق نہیں کی اور عمارت کے مالک کو حراست میں لے لیا۔