Time 05 اپریل ، 2018
پاکستان

پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے ایمنسٹی اسکیم کو مسترد کردیا

پیپلز پارٹی کے رضا ربانی اور تحریک انصاف کے اسد عمر کی ایمنسٹی اسکیم کو مسترد کیا۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے اعلان کردہ ایمنسٹی اسکیم کو مسترد کر دیا۔

سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے وزیراعظم کی جانب سے ایمنسٹی اسکیم کو امیروں کے لیے غیر قانونی دولت کمانے کا لائسنس قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کالےدھن کو صاف کرنے کی اسکیم کی مذمت کرتے ہیں۔

سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ ماضی میں بھی ایسی اسکیمیں رائج کی گئیں جس کا کوئی خاطرخواہ نتیجہ سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیاں بگ بزنس کے لیے ترتیب دی گئیں ہیں جو متوسط طبقے کے لیے صرف ٹیکسز اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کا بوجھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی اسکیم کی سینیٹ میں بھی مخالفت کریں گے۔

وزیراعظم کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم لانے کا مقصد قوم کی چوری شدہ دولت کو جائز بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی تحویل میں کالادھن حلال کرنے کی ہر کوشش کی مزاحمت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی اسکیم لاتے وقت حکومت نے شرم و حیا کا مظاہرہ نہیں کیا۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نے سوال کیا کہ ’کیا پارلیمان سے مشاورت کے بغیر ایمنسٹی اسکیم لانا ووٹ کا تقدس ہے؟ یہ اقدام ووٹ کے تقدس کو پاؤں تلے روندنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کے کھوکھلے نعرے لگانے والے پارلیمان کو اس کا مقام نہیں دیتے۔

اسد عمر نے کہا کہ حکومت پارلیمان سے مشاورت کے بغیر کسی قسم کی اسکیم لانے سے گریز کرے اور اگر حکومت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا تو اسے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا ہو گا۔

مزید خبریں :