13 اپریل ، 2018
رحمتوں اور برکتوں کی رات شب معراج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔
شب معراج وہ شب ہے جب اللہ رب العزت نے حضور پر نور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو معراج کا شرف عطا کیا گیا۔
یہ واقعہ ہجرت سے 5 سال قبل پیش آ یا، جب حضرت جبریلؑ براق لے کر نبی آخرالزماں ﷺکی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی، اے اللہ کے رسول، آپ کا رب آپ سے ملاقات کا خواہشمند ہے۔
حضور اکرم ﷺ اس مقدس سفر کے دوران مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ گئے جہاں تمام انبیائے کرام نے آپ ﷺ کی اقتداء میں نماز ادا کی اور پھر آپ آسمانوں میں اللہ تعالٰی سے ملاقات کرنے تشریف لے گئے۔
وہاں رسول اکرمﷺ کو جنت اور دوزخ دکھائی گئیں، آپ کی ملاقات مختلف انبیائے کرام سے بھی ہوئی۔
اسی سفر میں امت محمدیہ ﷺ پر نماز بھی فرض ہوئی یہی وجہ ہے کہ عالم اسلام اس شب خصوصی عبادات کا اہتمام کرتا ہے اور مساجد کو سجایا جاتا ہے۔
مساجد اور گھروں میں نوافل پڑھے جاتے ہیں اور پوری رات رب کائنات کی حمد و ثنا میں گزاری جاتی ہے۔