سلمان خان کے بھارت سے باہر جانے پر پابندی کے بعد شوٹنگ کا مقام تبدیل

— فوٹو:فائل 

بالی وڈ اداکار سلمان خان کے ملک سے باہر جانے پر پابندی کے باعث ان کی فلم ’ریس تھری‘ کی شوٹنگ کا مقام ہی بدل دیا۔

گزشتہ دنوں سلمان خان کو جودھ پور کی عدالت کی جانب سے نایاب کالے ہرن کے شکار پر 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی جس کے فوری بعد ان کے وکلاء نے ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

عدالت نے 25، 25 ہزار کے 2 مچلکوں کے عوض سلمان خان کی درخواست ضمانت منظور کی تھی جب کہ عدالت نے سلمان خان کے بغیر اجازت ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کردی ہے اور انہیں 7 مئی کو پیش ہونے کا بھی حکم دیا ہے۔

دبنگ خان جیل سے رہائی کے بعد فلم ’ریس 3‘ کی شوٹنگ مکمل کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں اور جلد سے جلد فلم کی شوٹنگ ختم کرنا چاہتے ہیں لیکن نایاب ہرن کے شکار کے مقدمے میں عدالت کی جانب سے ضمانتی فیصلے میں ان کے ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد ہے۔

سلو میاں نے ملک سے باہر جانے پر پابندی کے باعث فلم ریس تھری کی شوٹنگ کا مقام ہی بدل دیا  ہے اور اب ان کی فلم کی شوٹنگ بھارت میں ہی کی جائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کی فلم کا ایک گیت نامکمل ہے جس کی شوٹنگ جنوبی افریقہ میں ہونی تھی لیکن عدالتی فیصلے کے بعد فلم کی شوٹنگ کا مقام تبدیل کیا گیا ہے۔

فلم کے ہدایت کار ریمو ڈی سوزا نے بھی شیڈول کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فلم کی شوٹنگ جنوبی افریقہ کی بجائے لداخ میں کی جائے گی جس کے لیے سلمان خان، انیل کپور اور بوبی دیول 10 دن بعد لداخ روانہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ فلم ’ریس 3‘ میں سلمان خان، انیل کپور، بوبی دیول اور جیکولین فرنینڈس مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گے اور فلم رواں سال عید کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

مزید خبریں :