16 اپریل ، 2018
ایف آئی اے نے دوسری شادی کی اجازت نہ دینے پر اہلیہ کی ناریبا تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے اعلیٰ پولیس افسر کو انتہائی مطلوب اشتہاری ملزم قرار دے دیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق پنجاب پولیس کے معطل ایس پی جنید ارشد نے دوسری شادی کی اجازت نہ دینے پر دوست کی مدد سے اہلیہ کا جعلی اکاؤنٹ بنا کر اپنی اہلیہ کی نازیبا ویڈیو اور تصاویر اس پر شیئر کر دیں۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق سابق پولیس افسر کی اہلیہ کی جانب سے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو اس حوالے سے درخواست دی گئی جس پر تحقیقات کے بعد ٹھوس شواہد کی بنیاد پر جنید ارشد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق عدالت سے درخواست ضمانت مسترد ہونے پر ملزم جنید ارشد فرار ہو گیا تھا جسے انتہائی مطلوب اشہتاری قرار دے کر اس کی گرفتاری کے لیے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی مدد مانگ لی گئی ہے۔