17 اپریل ، 2018
کرم ایجنسی سے ملحقہ ٹل شہر میں آل پاکستان فٹبال ٹورنامنٹ کے زبردست مقابلے جاری ہیں جس میں پاکستان بھر سے 45 فٹبال ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
قبائلی علاقوں میں امن بحال ہوتے ہی مختلف کھیلوں کے مقابلے بھی شروع ہو گئے ہیں اور فاٹا سپر لیگ کے مقابلوں کے بعد اب ٹل شہر کے گراؤنڈ میں فٹبال کے مقابلے جاری ہیں۔
ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 45 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ تماشائیوں کا جوش و خروش دیدنی ہے۔ ٹورنامنٹ آرگنائزر شہزاد کا کہنا ہے کہ علاقے سے بے امنی کا خاتمہ ہوئے کافی عرصہ ہوگیا لوگوں کو یہ پیغام دینا تھا کہ ہم پر امن لوگ ہیں اور پر امن طریقے سے رہ رہے ہیں۔
ٹورنامنٹ میں شامل کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ فاٹا میں فٹبال کے حوالے سے کافی ٹیلنٹ موجود ہے مگر حکومتی عدم توجہی کے باعث یہ ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے۔
ایک کھلاڑی صادق علی کا کہنا تھا کہ اگر حکام بالا فٹبال کے کھیل کو اہمیت دیدیں تو پاکستان میں بالخصوص فاٹا اور کے پی کے میں ایسا ٹیلنٹ موجود ہے جو عالمی سطح پر جاکر مقابلہ کرسکتا ہے۔
کھلاڑی اسد علی کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سے یہ درخواست کرتے ہیں کہ کرم ایجنسی میں کھیلوں کی سرگرمیاں کم ہیں ان میں اضافہ کیا جائے تاکہ نوجوان کھلاڑی آگے بڑھیں ۔
میچ دیکھنے آنے والے تماشائیوں کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ فٹبال اور دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔