18 اپریل ، 2018
کراچی کی مقامی عدالت نے 7 سالہ رابعہ سے زیادتی و قتل کے الزام میں گرفتار ملزمان کو 25 اپریل تک 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس نے بچی کے قتل کے الزام میں گرفتار 2 ملزمان رحیم اور فضل کو جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں پیش کیا۔
سماعت کے بعد عدالت نے ملزمان کو 25 اپریل تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
واضح رہے کہ 16 اپریل کو منگھوپیر میں کچرا کنڈی سے ایک 7 سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کی شناخت رابعہ کے نام سے ہوئی۔
جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوئی تھی، جسے گلے میں پھندا لگا کر قتل کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ بچی اورنگی ٹاؤن بلوچ پاڑہ کی رہائشی تھی، جو اتوار (15 اپریل) کو گھر سے کھیلنے کے لیے نکلی تھی اور اس کے بعد لاپتہ ہوگئی تھی۔
بچی کے دادا نے تھانہ اورنگی ٹاؤن میں گمشدگی کا مقدمہ درج کرایا تھا، جس میں 3 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا، جن میں سے 2 کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
گذشتہ روز بچی کے لواحقین اور علاقہ مکینوں کی جانب سے کٹی پہاڑی پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے احتجاج کیا گیا، جو پرتشدد رنگ اختیار کرگیا اور اس دوران پتھراؤ اور ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 15 پولیس اہلکاروں سمیت کئی افراد زخمی ہوگئے تھے۔
لاش پر کی گئی سیاست قابل مذمت عمل، وزیر داخلہ سندھ
صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ کراچی میں زیادتی کے بعد قتل کی گئی بچی رابعہ کی لاش پر سیاست کی گئی، جو قابل مذمت ہے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔
سہیل انور سیال آج مقتولہ بچی رابعہ کے گھر پہنچے اور اہلخانہ سے ملاقات میں تعزیت کرتے ہوئے انصاف کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ روز ہنگامہ آرائی میں ہونے والی ہلاکت کے حوالے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بچی کی لاش پر سیاست کی گئی جو قابل مذمت عمل ہے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔
سہیل انور سیال نے بتایا کہ ڈی آئی جی کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی بنا دی گئی ہے۔
پولیس نے غلط ایف آئی آر کاٹی، رہنما پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ معصوم بچی کے ساتھ ہونے والے واقعے پر پولیس نے غلط ایف آئی آر کاٹی، گذشتہ روز مظاہرے کے دوران شہری کی ہلاکت کا ذمے دار ایس ایچ او ہے، لہذا اسے معطل کیا جائے۔
حلیم عادل شیخ نے مقتولہ رابعہ کے گھر آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پولیس نے عوام پر فائرنگ کی، اگر پولیس اہلکاروں کو گرفتار نہ کیا گیا تو پی ٹی آئی احتجاج کرے گی۔