دنیا
Time 24 اپریل ، 2018

کینیڈا میں وین ڈرائیور نے جان بوجھ کر راہگیروں کو روند ڈالا، 10 افراد ہلاک

پولیس نے راہگیروں کو کچلنے والے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ فوٹو: بشکریہ سی بی سی

اوٹاوا: کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ایک شخص نے وین فٹ پاتھ پر چڑھا کر راہگیروں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 25 سالہ ایلک میناسیان نامی شخص نے ٹورنٹو کے مصروف علاقے میں فٹ پاتھ پر چلنے والے افراد پر وین چڑھا دی جس کے بعد اس نے بھاگنے کی کوشش کی جسے پولیس نے حراست میں لے لیا۔

واقعے میں مجموعی طور پر 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔  

ٹورنٹو پولیس چیف مارک سندرس کا پریس کانفرنس کے دوران واقعے کے حوالے سے کہنا تھا کہ وین ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو ٹورنٹو کے علاقے رچمنڈ ہل کا رہائشی ہے جب کہ ملزم اس سے قبل کبھی پولیس کو مطلوب نہیں رہا۔ 

ٹورنٹو پولیس چیف سے سوال کیا گیا کہ کیا ملزم کے عالمی دہشتگردوں سے رابطے کے شواہد ملے ہیں جس پر ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے تاہم جائے وقوعہ سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے یہ کہا جائے کہ ملزم دہشت گرد ہے۔ 

پولیس چیف نے کہا کہ بظاہر لگتا ہے کہ ملزم نے جان بوجھ کر راہگیروں کو روندا تاہم عینی شاہدین اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ 











کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک کے دل اور دماغ واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ ہیں جب کہ انہوں نے زخمی ہونے والوں کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

مزید خبریں :