پاکستان
Time 25 اپریل ، 2018

حکومت کو شاباش نہیں دے سکتے تو روزانہ طعنے نہ دیئے جائیں: احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہےکہ ہم نے پاکستان کی خدمت ہے لہٰذا حکومت کو شاباش نہیں دے سکتے تو روزانہ طعنے نہ دیئے جائیں۔

اسلام آباد میں  سی پیک سے متعلق 5 سالہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم کسی ذاتی ایجنڈے پر یہاں نہیں آئے ، ہم نے پاکستان کی خدمت کی، اسے ترقی اور امن دیا ہے، ہمارے اندر بھی پاکستان کے لیے اتناہی دل دھڑکتا ہے جتنا کسی اور کے دل میں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو شاباش نہیں دے سکتے تو روزانہ طعنے نہ دیئے جائیں، ہماری بھی عزت اور وقار ہے کسی کو یہ حق نہیں کہ دوسروں پر الزامات لگائے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر کی تقرری میں سفارش کا الزام لگادیا گیا،  ہم عدالت کا حترام کرتے ہیں، خدا کے لیے اسے متنازع نہ بنائیں، اگر آپ کے پاس شواہد ہیں تو چارج شیٹ کریں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے 4 سال میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی پیداکی، ہم منزل پر آگئے ہیں تو کچھ لوگ کدالیں لے کر باغیچے کو کھودنے کے لیے آگئے لیکن ہم اپنی جان اور لہو سے باغیچے کی حفاظت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ غربت اور جہالت سے ملک کو نکالیں، تیسرا میچ اور کیچ ڈراپ نہیں کرنا ورنہ تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی،  اگرتنازعات میں پڑگئے توسی پیک سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے مقدر کو کریش لینڈ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، مایوسی اور افسردگی کے شکار دانشور ہر چیز میں کچھ چکر تلاش کرتے ہیں، ہمیں ہر چیز میں کچھ چکر تلاش کرنے کی ذہنیت ختم کرنی ہوگی۔

مزید خبریں :