04 فروری ، 2012
دمشق… شام میں سکیورٹی فورسز کے حملوں میں 217 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ سلامتی کونسل میں آج ایک قرار داد پر ووٹنگ متوقع ہے جس کا مقصد شام میں جاری بحران کو حل کرنے میں مدد کرنا ہے۔ غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق شام کے شہر حمص میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی فائرنگ اورمارٹر توپوں سے گولہ باری سے 217 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے 138 افراد حمص کے ضلع خالدیہ میں مارے گئے۔ انسانی حقوق کے مبصرین نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ عرب میڈیا کے مطابق مارے جانے والے افراد کی تعداد 230 ہوگئی ہے۔ سلامتی کونسل میں پیش کی جانے والی قرارداد میں عرب لیگ کے اْس مطالبے سے متعلق کوئی واضح اشارہ موجود نہیں کہ شام کے صدر بشارالاسد اقتدار کی منتقلی کے عمل میں اپنے نائب کے حق میں دستبردار ہو جائیں۔ اس سے پہلے لائی گئی قرارداد کے مسودے میں یہ مطالبہ موجود تھا۔