04 مئی ، 2018
کراچی میں جعلساز خواتین پر مشتمل گروہ سرگرم عمل ہے جو گھریلو خواتین کو منفرد انداز میں لوٹتا ہے۔
جعل ساز خواتین پر مشتمل گروہ کورنگی، لانڈھی اور گلشن اقبال کے علاقوں میں گھریلو خواتین کو نشانہ بناتی ہیں۔
جعلساز خواتین پہلے کسی پروڈکٹ کو لے کر گھر کے دروازے پر دستک دیتی ہیں اور پھر خاتون خانہ کو مصنوعات کے ڈبے میں موجود قیمتی انعام کا جھانسہ دیتی ہیں۔
جعلساز گروہ کی متاثرہ کورنگی کی رہائشی خاتون رضیہ بیگم کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے ڈبہ کھولا تو کیمرا انعام میں نکلا لیکن جعل ساز خواتین نے باتوں کا ایسا جادو جگایا کہ وہ کچھ بھی نہ کر سکیں اور بہت کچھ گنوا بیٹھیں۔
متاثرہ خاتون کی خوش قسمتی رہی کہ گھر میں موجود ان کی بیٹی ریما نے ایک جعلساز خاتون کی تصویر بنا لی۔
متاثرہ خاتون نے زمان ٹاؤن تھانے میں واقعہ سے متعلق درخواست جمع کرا دی ہے جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق رمضان المبارک سے قبل شہر میں ایسے جعل ساز گروہ سرگرم ہو جاتے ہیں اس لیے شہری ایسے جعلسازوں سے ہوشیار رہیں۔