Time 09 مئی ، 2018
پاکستان

عدلیہ مخالف احتجاج: 2 لیگی اراکین اسمبلی سمیت 6 افراد پر فرد جرم کیلئے تاریخ مقرر

عدلیہ مخالف احتجاج کرنے والے ملزمان پر 11 مئی کو فردجرم عائد کی جائے گی۔ فوٹو

لاہور ہائیکورٹ نے قصور میں عدلیہ مخالف احتجاج کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے 2 اراکین اسمبلی سمیت 6 افراد پر فرد جرم کے لئے 11 مئی کی تاریخ مقرر کردی۔

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے عدلیہ مخالف احتجاج پر لیگی اراکین اسمبلی کے خلاف درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر کمرہ عدالت میں ملزمان کی تقاریر کی ویڈیو بھی چلائی گئی۔

ملزمان نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اپنے کیے پر شرمندہ ہیں، عدلیہ اور قوم سے اپنے معافی مانگتے ہیں، ہم نے عدلیہ کے حق میں تحریک چلائی اور عدلیہ کی عزت کرتے ہیں۔

جسٹس مظاہر علی نقوی نے کہا کہ ملزمان نے عدالت میں اپنا جرم قبول کرتے ہوئے اپنے کیے پر افسوس کا اظہار کیا، ملزمان شرمندہ ہیں مگر عدالت میں جرم قبول کرلیا ہے۔

ملزمان کی جانب سے غیر مشروط معافی مانگنے کے بعد عدالت نے ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو پراسیکیوٹر مقرر کرتے ہوئے فرد جرم کے لیے 11 مئی کی تاریخ مقرر کردی۔ 

یاد رہے کہ 18 اپریل کو قصور میں  عدلیہ مخالف ریلی میں (ن) لیگ کے رکن قومی اسمبلی وسیم اختر شیخ اور رکن پنجاب اسمبلی نعیم صفدر انصاری بھی شریک تھے جنہوں نے شرکاء کے ساتھ مل کر عدلیہ کے خلاف غیر مہذب زبان استعمال کی۔

میڈیا پر عدلیہ مخالف ریلی کی خبریں نشر ہونے کے بعد پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مسلم لیگ (ن) کے ضلعی نائب صدر جمیل احمد خان سمیت متعدد کو حراست میں لے لیا تھا۔

مزید خبریں :