پاک امریکا تعلقات میں تلخی بہترنہیں، شیری رحمان

جب بجٹ کے لیے راتوں رات وزیر بن جاتے ہیں تو وزیر خارجہ کیوں نہیں بنایا جارہا، شیری رحمان—فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شیری رحمان نے کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں تلخی آتی جارہی ہے جو بہترنہیں۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ ہمارے وزیر خارجہ بھی اقامہ زدہ نکلے، جب بجٹ کے لیے راتوں رات وزیر بن جاتے ہيں تو وزیر خارجہ کیوں نہیں بنایاجارہا۔

شیری رحمان نے یہ بھی کہا کہ اقوام متحدہ کی پابندیاں لگانے والی کمیٹی کا عمرخراسانی پر پابندیاں ہٹانا تشویشناک ہے۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا کہ امریکا نے ہمارے سفارت کاروں کی نقل و حرکت پابندی لگا دی ہے، امریکا میں ہمارے سفارت کار بغیر اجازت 25 کلو میٹر سے باہر نہیں جا سکتے۔

شیریں مزاری نے کہا کہ جتنے پاکستانی سفارتکار امریکا میں تعینات ہیں ، اتنے ہی پاکستان میں امریکی سفارتکار ہونے چاہئیں، این جی اوز اور یو ایس ایڈ میں امریکیوں کی بھر مار ہے انہيں ملک سے باہر نکالا جائے۔

شیریں مزاری نے کہا کہ حکومت امریکا کو کیوں جواب نہیں دے رہی، امریکی پابندیوں پر حکومت کی خاموشی پر اسرار ہے، پاکستان میں امریکی سفارتکار لوگوں کو مارتے پھر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امریکا کے سامنے خاموش نہیں رہنا چاہیے،اس حوالے سے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

خیال رہے کہ امریکا میں پاکستانی سفارت کاروں پر سفری پابندی کے جواب میں پاکستان نے بھی امریکی سفارت کاروں پر پابندیاں لگادیں ہیں جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

مزید خبریں :