کراچی کی مختلف شاہراہوں پر اسنیپ چیکنگ کے باعث ٹریفک جام

کراچی کی آئی آئی چندریگڑ روڈ کا ایک منظر—جیو نیوز/زین العابدین تصویر۔

کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اسنیپ چیکنگ کے باعث ٹریفک جام ہونے کے نتیجے میں دفاتر سے گھر جانے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو شدید مشکلا ت کا سامنا ہے اور  مصروف شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

شہر کی مختلف شاہراہوں پر سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا اور شہریوں کو منزل مقصود پر پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

آئی آئی چندریگر روڈ، پاکستان چوک، وزیر اعلیٰ ہاؤس، آرٹس کونسل روڈ اور کلب روڈ کے اطراف ٹریفک کا شدید دباؤ ہے اور دفاتر سے چھٹی کے بعد گھر جانے والے مسافر مشکلات کا شکار ہیں۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس کے مطابق سیکیورٹی وجوہات کے باعث پی آئی ڈی سی سے شاہین کمپلیکس روڈ بند ہے جس وجہ سے ٹریفک کو پی آئی ڈی سی سے کلب روڈ بھیجا جارہا ہے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شاہین کمپلیکس سے پی آئی ڈی سی جانے والے روڈ پر رینجرز چیکنگ کررہی ہے جس کے باعث سلطان آباد سے پی آئی ڈی سی آنے والا ایم ٹی خان روڈ بھی بند ہے۔ 

ادھر ڈی آئی جی ٹریفک عمران یعقوب کا کہنا ہے کہ ٹریفک عملہ سڑکوں پر ٹریفک بحالی کے لیے موجود ہے اور کچھ دیر میں ٹریفک کی روانی معمول پر آجائے گی۔

مزید خبریں :