رمضان المبارک کا آغاز، پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں آج پہلا روزہ

کراچی کی ایک مسجد میں لوگ نمازِ تراویح ادا کرتے ہوئے—۔ فوٹو/ اے ایف پی

کراچی: رمضان المبارک سن 1439 ہجری کا آغاز ہوگیا ہے اور پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں آج پہلا روزہ ہے۔

گذشتہ روز مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں جب کہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئے جہاں چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں اکٹھی کی گئیں۔

رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نے کیا۔

چاند نظر آنے کا علان ہوتے ہی ملک بھر میں نماز تراویح پڑھی گئی جبکہ پہلی سحری پر گھروں میں خصوصی پکوان تیار کیے گئے اور بعدازاں نماز فجر کے بعد خصوصی عبادات کی گئیں۔

رمضان کی آمد پر وزیراعظم کا مبارکبادی پیغام

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ رمضان کا مہینہ ذاتی محاسبے اور اصلاح کا مہینہ ہے۔

 رمضان المبارک کی آمد پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپنی زندگیوں اور معاشرے میں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے ہمیں اپنے طرزِ عمل کو اس ضابطہ کار کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے جس کی راہ ہمارے دین نے دکھلائی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انفرادی طور پر جہاں ہمیں نظم و ضبط، قوانین کی پاسداری اور خود احتسابی کے دامن کو مضبوطی سے تھام کر آگے بڑھنا ہے، وہیں قومی سطح پر ہمیں اپنے اندر اتحاد و اتفاق، رواداری اور مثبت سوچ جیسے اعلیٰ اوصاف پیدا کرنے کی بھی ضرورت ہے ۔

دیگر ممالک میں بھی رمضان کا آغاز

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ، نیدرلینڈز سمیت یورپ، بھارت، مالدیپ، انڈونیشیا، ملائیشیا، برونائی دارالسلام، سنگاپور، آسٹریلیا، عمان، جاپان میں بھی آج پہلا روزہ ہے۔

امریکا اور کینیڈا میں چاند دیکھ کر فیصلہ کرنے والی تنظیموں نے بھی آج پہلا روزہ رکھنےکا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش میں رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، وہاں پہلا روزہ جمعہ (18 مئی) کو ہوگا۔

مزید خبریں :