پی ٹی آئی کی سابق رہنما فوزیہ قصوری پی ایس پی میں شامل

فوزیہ قصوری نے گزشتہ روز اپنا استعفیٰ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو بھجوایا تھا—پی پی آئی فوٹو۔

پاکستان تحریک انصاف کی سابق رہنما فوزیہ قصوری پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہو گئی ہیں۔

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے فوزیہ قصوری کو اپنی جماعت میں خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ آج فوزیہ قصوری کی شمولیت سے ہمارے نظریے کی توثیق ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس پی دو سال میں پاکستان کی ابھرتی ہوئی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، لوگ صحیح اورغلط میں تمیز کر کے پی ایس پی میں آرہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز فوزیہ قصوری نے سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا تھا کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی رکنیت سے استعفیٰ پارٹی چیئرمین عمران خان اور دیگر پارٹی قائدین کو بھجوا دیا ہے۔

فوزیہ قصوری نے اپنے استعفے میں لکھا تھا کہ 2013 کے بعد پارٹی اپنے راستے سے ہٹ گئی ہے اور پارٹی کے لیے قربانی دینے والوں کو نظر انداز کیا گیا۔

ان کا اپنے استعفے میں مزید کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال میں میرے لیے پارٹی کے حالیہ فیصلوں کا دفاع ممکن نہیں ہے۔

مزید خبریں :