28 مئی ، 2018
دائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے حسن علی کا کہنا ہے کہ انہیں لارڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں وکٹ نہ ملنے کا دکھ تو ہے لیکن پہلی اننگز میں انگلش کپتان جو روٹ کو چار رنز پر آوٹ کرنے کی خوشی بھی ہے۔
لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں دائیں ہاتھ کے تیز بولر حسن علی نے 51رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں لیکن دوسری اننگز میں 19اوورز کی جدوجہد میں 58رنز دے کر بھی کوئی وکٹ نہ لے سکے۔
تاہم دوسری اننگز میں حسن کی ایک تیز رفتار گیند انگلش بیٹس مین ڈیوڈ میلان کے ہیلمٹ پر بھی جا لگی تھی۔
جیو نیوز کے پروگرام “ اسکور” میں خصوصی گفتگو حسن علی کا کہنا تھا کہ روٹ ایک اچھا بیٹسمین ہے،جسے پہلی اننگز میں انہوں نے جلد آوٹ کر کے بڑی اننگز کھیلنے سے باز رکھا۔
یاد رہے دوسری اننگز میں جو روٹ نے 68رنز کی اننگز کھیل کر انگلش ٹیم کو پہلی بار ایشیا کی ٹیم کے ہاتھوں اننگز کی شکست سے بچانے میں اہم کردار نبھایا تھا۔