پاکستان

کراچی: جماعت اسلامی کا دھرنا، ایم ڈی واٹر بورڈ کی پانی کی منصفانہ تقسیم کی یقین دہانی

شہر قائد میں پانی کی عدم فراہمی اور غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا ایم ڈی واٹر بورڈ کی یقین دہانی کے بعد ختم ہوگیا — فوٹو: جماعت اسلامی فیس بک

کراچی میں پانی کی عدم فراہمی اور غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف جماعت اسلامی نے شارع فیصل اور منیجنگ ڈائریکٹر واٹر بورڈ کے دفتر کے باہر دھرنا دیا۔

دھرنے کی قیادت جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کررہے تھے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ خالد شیخ کی جانب سے پانی کی منصفانہ تقسیم کی یقین دہانی کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا۔

 — فوٹو: جماعت اسلامی فیس بک

جماعت اسلامی کی قیادت سے مذاکرات کے بعد ایم ڈی واٹر بورڈ خالد شیخ نے کہا کہ شہرمیں پانی کی منصفانہ تقسیم کا یقین دلاتا ہوں، کئی منصوبوں پر کام جاری ہے جلد 120 ملین گیلن پانی ملنا شروع ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 120 ملین گیلن پانی ملنے سے مسئلہ 80 فیصد حل ہوجائے گا، شہر میں پانی کی چوری روکنے کے لئے بھی اقدامات کررہے ہیں، پانی کی تقسیم میں سیاسی اثرو رسوخ نہیں پڑنے دیں گے۔

اس موقع پر دھرنے کے شرکاء سے حافظ نعیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے قریب ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی مصنوعی لڑائی پھر ہورہی ہے، لیکن عوام ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی جعلی لڑائی سے دھوکا نہیں کھائیں گے۔

 — فوٹو: جماعت اسلامی فیس بک

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے مسائل کو حل کرنا جانتی ہے، پانی کی تقسیم کا درست اور یکساں نظام نافذ کیا جائے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ جو وال مین یا افسر پانی چوری کرے گا ہم خود نمٹ لیں گے، پانی کی منصفانہ تقسیم میں ایم ڈی واٹر بورڈ کی مدد کے لیے تیار ہیں۔

انہوں ںے مطالبہ کیا کہ ٹینکرمافیا کو پانی کی فراہمی بند اور لائنوں میں پانی چھوڑا جائے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ہم پانی کے مسئلہ کو ایسے نہیں چھوڑیں گے، پانی کی منصفانہ تقسیم کے اقدامات کا جائزہ لیتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ شہر قائد میں پانی کی شدید قلت کے خلاف جماعت اسلامی نے دھرنے کا اعلان کیا تھا۔

 — فوٹو: جماعت اسلامی فیس بک

جماعت اسلامی کراچی کے تحت شارع فیصل پر ایم ڈی واٹر بورڈ کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا گیا۔

دھرنے کا اغاز نماز عصر کے بعد ہوا اور دھرنے کے شرکاء نے افطار بھی سڑک پر کی جبکہ نماز مغرب بھی سڑک پر ہی ادا کی گئی۔

شرکاء سے خطاب میں حافظ نعیم کا کہنا تھا دھرنا سیاست نہیں، عوام کو پانی بجلی اور دیگر حقوق دلانے کیلئے ہے۔

 — فوٹو: جماعت اسلامی فیس بک

انھوں نے عوام کی خدمت کو عبادت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کارکن عوام کے حقوق کی خاطر روزے اور شدید گرمی میں دھرنا دینے آئے، پی پی پی اور ایم کیو ایم 30 سالوں میں بھی کراچی کو پانی نہیں دے سکے،عوام کو پانی دیتے نہیں مگر ٹینکر مافیا کو پانی ملتاہے۔

دھرنے کے شرکاء نے کچھ دیر شارع فیصل پر بھی احتجاج کیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی البتہ بعد میں شرکاء نے امیر جماعت اسلامی کراچی کی اپیل پرشارع فیصل خالی کردی تھی۔

مزید خبریں :