02 جون ، 2018
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد لیڈز میں پاکستانی کمیونٹی کے مہمان بنے۔
ان کے اعزاز میں افطار عشائیے کا اہتمام لیڈز میں واقع الحسن ایجوکیشن سینٹر کے چیئرمین عبدالرحمان فرخ نے کیا۔ اس موقع پر ٹیم پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں نے جوش وخروش کے ساتھ نہ صرف تصاویر بنوائیں بلکہ قومی ٹیم کے قائد کی ملنساری کو بھی بے حد سراہا۔
اس موقع پرسرفراز احمد نے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بالخصوص میزبان عبدالرحمان فرخ کا شکریہ ادا کیا۔
قومی ٹیم کے قائد کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کی محبت کا بے حد شکریہ جنہوں نے مجھے یہاں مدوع کرکے اتنے خلوص سے نوازا۔
سرفراز کا کہنا تھا کہ غیر ملکی دوروں میں پاکستانی کھانے کا موقع کم ملتا ہے،اس اعتبار سے لیڈز میں سجائی گئی اس تقریب میں اس کمی کا احساس نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی دوروں میں وہ پاکستانیوں کی دعوت پر جانے سے کبھی نہیں کتراتے البتہ زیادہ فاصلوں کے سبب کبھی انکار بھی کرنا پڑتا ہے۔
اس موقع پر عبدالرحمان فرخ نے سرفراز احمد کی آمد پر ان کا بے حد شکریہ ادا کیا۔ عشائیے کے اختتام پر لیڈز میں واقع مسجد قباء کے امام قاری عبید اللہ نے دعا کراتے ہوئے خاص طور پر اللہ تعالی کے حضور دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم کی کامیابی کے لیے بھی دعا کروائی۔