کھیل

طلعت علی ملک 2019ء ورلڈ کپ تک قومی ٹیم کی منیجر رہیں گے

طلعت علی ملک کو گذشتہ سال دورہ آسڑیلیا کے بعد وسیم باری کی جگہ قومی ٹیم کا منیجر بنایا گیا تھا— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں انگلینڈ میں موجود ہے جہاں وہ ہیڈنگلے لیڈز میں میزبان ٹیم کے خلاف دوسرا ٹیسٹ کھیل رہی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام “ اسکور” میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے منیجر طلعت علی ملک نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انہیں اس بات سے آگاہ کر دیا ہے کہ وہ آئندہ سال انگلینڈ میں ہونے والے 12 ویں آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے منیجر ہوں گے۔

پاکستان کے لیے 10 ٹیسٹ میچز کھیلنے والے طلعت علی کا کہنا تھا کہ وہ سرفراز احمد کی قیادت میں کھیلنے والی ٹیم کے ساتھ اچھا محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرفراز ایک متحرک کپتان ہے،جس کے ساتھ لڑکے محنت جی جان سے کرتے ہیں،ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھاتے ہیں اور دوستوں کی طرح وقت گزارتے ہیں۔

طلعت علی نے کہا کہ گذشتہ سال سرفراز احمد کی قیادت میں چیمپیئنز ٹرافی جیتنا اس ٹیم کے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ تھا جس سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔

طلعت علی ملک جنہیں گذشتہ سال دورہ آسڑیلیا کے بعد وسیم باری کی جگہ قومی ٹیم کا منیجر بنایا گیا تھا، کہتے ہیں کہ انہوں نے گذشتہ ماہ 29 مئی کو اپنی 68 ویں سالگرہ منائی ہے البتہ ان کی عمر کے حوالے سے سابق کرکڑز اور ناقدین خاصی تنقید کرتے رہتے ہیں کہ وہ 70سال کے ہوگئے ہیں اور اب تک ٹیم سے جڑے ہوئے ہیں۔

طلعت علی ملک جو ماضی میں بطور آئی سی سی میچ ریفری بھی فرائض انجام دے چکے ہیں کہتے ہیں کہ پاکستان ٹیم کا منیجر رہنا ایک اعزاز کی بات ہے جب تک پی سی بی انہیں اس قابل سمجھے گا ان کی خدمات حاضر ہیں۔

مزید خبریں :