میری کتاب کا مواد چُرایا گیا، ریحام خان کا الزام

احسن اقبال کی جوای میل دکھائی گئی اس میں پاکستان کی اسپیلنگ بھی غلط لکھی ہوئی ہے، ریحام خان —فائل فوٹو۔

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ ان کی کتاب کا مواد چرایا گیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کہنا تھا کہ ان کا مسلسل پیچھا کیا جارہا ہے، شک ہے کہ ان کے فون بھی ٹیپ کیے جارہے ہیں۔

ریحام خان کا کہنا تھا کہ کتاب میں ذاتی تجربات بیان کیے ہیں، اس میں وسیم اکرم اور انیلہ خواجہ کا ذکر ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جو حرکتیں کررہی ہے اس کا میری کتاب سے کوئی تعلق نہیں، میری کتاب ان کوبےنقاب نہیں کررہی یہ خود کوبے نقاب کررہےہیں۔

ریحام خان نے کہا کہ مجھے نہیں پتا کہ میرے سابق شوہر ڈاکٹر اعجاز نے بھی پی ٹی آئی جوائن کرلی ہے، سمجھ نہیں آرہا ان کی طرف سے پی ٹی آئی نوٹس کیوں بھجوارہی ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا ڈاکٹر اعجاز پی ٹی آئی کے ترجمان بن گئے ہیں یا ان کو پارٹی میں کوئی عہدہ مل گیا ہے؟

ریحام خان نے کہا کہ کتاب میں وسیم اکرم اور انیلہ خواجہ عمران خان کے قریب ہیں ان کا ذکر ہو بھی سکتا ہے، مگر یہ ذکر کیسا ہوگا یہ اپنے وکیل سے پوچھے بغیر بتا نہیں سکتی۔

’کتاب میں شہباز شریف کو امیزنگ پرسنالٹی نہیں لکھا‘

تاہم ریحام خان نے کہا کہ انہوں نے کتاب میں شہباز شریف کو امیزنگ پرسنالٹی نہیں لکھا۔

ریحام خان نے کہا کہ انہوں نے کتاب میں عمران خان کو سب سے بڑا شیطان بھی نہیں لکھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی پیش کردہ کتاب درست ہے تو کیا انہوں نے کتاب چوری کی ہے؟ 

’بھجوائے گئے نوٹس کی جگہ ردی کی ٹوکری ہے‘

انہوں نے بتایا کہ ہم نے قانونی چارہ جوئی شروع کردی ہے ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا ہے، مجھے جو نوٹس بھجوایا گیا ہے کہ اس کی جگہ ردی کی ٹوکری ہے۔

انہوں نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی اپنی قانونی ٹیم تبدیل کریں، جب بنی گالہ میں تھی تب بھی عمران کو کہا تھا کہ اینکرز سے نہیں قانونی مشیروں سے مشورہ لیں۔

ریحام خان نے کہا کہ حمزہ عباسی بچہ ہے، اس بچے کو استعمال کیا جارہا ہے، حمزہ عباسی بھی نہیں سمجھ رہے کہ انہیں استعمال کیا جارہا ہے۔

حمزہ عباسی کے شہباز شریف کے ایک لاکھ پاؤنڈ دینے سے متعلق دعوے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حمزہ نے ٹی وی پر خود ہی اس الزام کی یہ کہہ کرتردید کردی کہ ان کے پاس ثبوت نہیں۔

’پی ٹی آئی سوشل میڈیا پر ایسے لوگوں کو رکھے جنہیں انگریزی آتی ہو‘

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سوشل میڈیا کی جماعت ہے، ان کو مفت مشورہ ہے کہ اپنی سوشل میڈیا کی موجودہ ٹیم کوفارغ کردے اور ایسے لوگوں کو رکھے جنہیں انگریزی آتی ہو، ٹائپنگ کرسکیں اور نقل کرنی آتی ہو۔

عمران خان کی سابق اہلیہ نے کہا کہ احسن اقبال کی جوای میل دکھائی گئی اس میں پاکستان کی اسپیلنگ بھی غلط لکھی ہوئی ہے۔

ریحام خان کی کتاب پر اٹھنے والا تنازع

ریحام خان نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب 2 جون کو تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ریحام خان کی کتاب کی تصنیف و اشاعت کا سارا ڈرامہ حقیقی اپوزیشن کو گرانے کے لیے رچایا گیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ریحام خان کی ملاقاتوں کے سارے ثبوت مل گئے ہیں کہ وہ کب، کہاں، کس سے اور کس کے ذریعے ملیں۔

فواد چوہدری کے مطابق ریحام خان نے مریم نواز سے ملاقات کی جس کا اہتمام احسن اقبال نے کروایا، اس ملاقات کے ناقابل تردید شواہد نے ساری سازش کا پول کھول دیا ہے کہ کتاب کی تصنیف و اشاعت کا سارا تماشہ دراصل حقیقی حزب اختلاف کو گرانے کے لیے رچایا گیا۔

تاہم احسن اقبال کی جانب سے اس الزام کی تردید کی جاچکی ہے۔

دوسری جانب معروف گٹارسٹ و گلوکار اور پی ٹی آئی رہنما سلمان احمد نے دعویٰ کیا تھا کہ ریحام خان نے عمران خان کو بدنام کرنے کے لیے کتاب لکھی ہے، جس کے لیے مسلم لیگ (ن) نے انہیں ایک لاکھ پاؤنڈز دیئے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے انتخابات کے موقع پر ریحام خان کی کتاب شائع کرنے کو مخصوص ایجنڈا قرار دیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ ریحام خان کے قریبی ساتھی کا کہنا ہے کہ ان کی کتاب کا متن لیک یا ہیک کر لیا گیا ہے، تاہم کچھ بھی ہو یہ کتاب شائع ہو کر رہے گی۔ 

مزید خبریں :