07 جون ، 2018
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے سیاسی مرتبے کے حصول کے لیے جنس کو استعمال کرنے کے واقعات پر بھی کتاب میں لکھا ہے جن میں سے کچھ کا تعلق تحریک انصاف سے بھی ہے۔
ایک بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے براہ راست پارٹی چیئرمین عمران خان پر الزام تو نہیں لگایا تاہم کہا کہ پارٹی قیادت ایسے معاملات کی ذمے داری سے مبرا نہیں ہوسکتی جو ان کی پارٹی میں اور ان کے گھر میں پیش آرہے ہوں۔
انٹرویو کے دوران ریحام خان نے کہا کہ عمران خان نے پچھلے 5 سال میں خیبر پختونخوا میں کچھ نہیں کیا، میں اس مرتبہ تحریک انصاف کو ووٹ نہیں دوں گی۔
انہوں نے کہا کہ جب کوئی دوسروں سے مختلف ہونے کا دعویٰ کرےتو اُس سے زیادہ توقعات ہوتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے 11 اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ حال ہی میں بند کر دیئےگئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے نظریات اب تک غیر واضح ہیں،حالیہ یو ٹرن سےبھی یہ واضح ہے۔
اس سے قبل جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ میری کتاب میں ایک بلیک بیری کا ذکر ہے اور تحریک انصاف اسی سے خوفزدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ کتاب انتخابات سے پہلے شائع ہو، کتاب پر 'رائیونڈ کنکشن' کا الزام لگایا ہے تو ثبوت بھی لائیں۔
خیال رہے کہ ریحام خان کی نئی آنے والی کتاب کے سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آنے والے اقتسابات کے حوالے سے تحریک انصاف کو شدید تحفظات ہیں۔
تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری اس حوالے سے متعدد پریس کانفرنس بھی کر چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ریحام خان کی کتاب کی تصنیف و اشاعت کے پیچھے مسلم لیگ ن کا ہاتھ ہے۔
دوسری جانب ریحام خان کہتی ہیں کہ ان کی کتاب کا الیکشن اور ن لیگ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی آنے والی کتاب شائع ہونے سے پہلے ہی تنازعات کا شکار ہوگئی ہے۔
2 جون کو تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ریحام خان کی کتاب کی تصنیف و اشاعت کا سارا ڈرامہ حقیقی اپوزیشن کو گرانے کے لیے رچایا گیا اور اس سارے معاملے سے پی ٹی آئی اَپ سیٹ ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ریحام خان کی ملاقاتوں کے سارے ثبوت مل گئے ہیں کہ انہوں نے مریم نواز سے ملاقات کی جس کا اہتمام احسن اقبال نے کروایا، اس ملاقات کے ناقابل تردید شواہد نے ساری سازش کا پول کھول دیا ہے۔
تاہم احسن اقبال کی جانب سے اس الزام کی تردید کی جاچکی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما حمزہ علی عباسی اور گلوکار سلمان احمد کی جانب سے ریحام خان پر کتاب لکھنے کے لیے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ایک لاکھ پاؤنڈز لینے اور احسن اقبال کے توسط سے مریم نواز سے ملاقات کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
برطانیہ میں بھی ایک لاء فرم کی جانب سے ریحام خان کو ان کی کتاب کے حوالے سے قانونی نوٹس بھجوایا گیا ہے۔
دوسری جانب ریحام خان نے بھی حمزہ علی عباسی کو قانونی نوٹس بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حمزہ عباسی نے ان سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائیں، لہذا وہ غیر مشروط معافی مانگیں۔