06 جون ، 2018
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ ریحام خان کی نئی آنے والی کتاب کے حوالے سے عمران خان کے دفاع میں میدان میں آ گئیں۔
جمائمہ گولڈ اسمتھ نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ مجھے یقین دلایا گیا ہے کہ ریحام خان کی کتاب برطانیہ میں شائع ہونے کے قابل نہیں ہے۔
جمائمہ نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ اگر ریحام خان کی کتاب برطانیہ سے شائع ہوئی تو ہرجانے کا دعویٰ دائر کروں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہتک عزت اور سیکیورٹی لیک ہونے کا دعویٰ اپنے 16 سال کے بیٹے کے توسط سے کروں گی۔
خیال رہے کہ ریحام خان کی نئی آنے والی کتاب کے سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آنے والے اقتسابات کے حوالے سے تحریک انصاف کو شدید تحفظات ہیں۔
تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری اس حوالے سے متعدد پریس کانفرنس بھی کر چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ریحام خان کی کتاب کی تصنیف و اشاعت کے پیچھے مسلم لیگ ن کا ہاتھ ہے۔
دوسری جانب ریحام خان کہتی ہیں کہ ان کی کتاب کا الیکشن اور ن لیگ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے دو ماہ تک ان کے ساتھ نکاح کی خبر کو چھپایا لہذا وہ آئین کے آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے۔
ریحام خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کی کتاب میں بلیک بیری کا تذکرہ بھی موجود ہے جس کی وجہ سے تحریک انصاف خوفزدہ ہے۔
دوسری جانب ایک بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ریحام خان نے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے سیاسی مرتبے کے حصول کے لیے جنس کو استعمال کرنے کے واقعات پر بھی کتاب میں لکھا ہے جن میں سے کچھ کا تعلق تحریک انصاف سے بھی ہے۔
ریحام خان نے براہ راست پارٹی چیئرمین عمران خان پر الزام تو نہیں لگایا تاہم کہا کہ پارٹی قیادت ایسے معاملات کی ذمے داری سے مبرا نہیں ہوسکتی جو ان کی پارٹی میں اور ان کے گھر میں پیش آرہے ہوں۔
انٹرویو کے دوران ریحام خان نے کہا کہ عمران خان نے پچھلے 5 سال میں خیبر پختونخوا میں کچھ نہیں کیا، میں اس مرتبہ تحریک انصاف کو ووٹ نہیں دوں گی۔
انہوں نے کہا کہ جب کوئی دوسروں سے مختلف ہونے کا دعویٰ کرےتو اُس سے زیادہ توقعات ہوتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے 11 اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ حال ہی میں بند کر دیئےگئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے نظریات اب تک غیر واضح ہیں،حالیہ یو ٹرن سےبھی یہ واضح ہے۔