خوشی ہے ریحام نے کتاب کے مسودے کی تردید نہیں کی، حمزہ عباسی

کتاب شائع کرنے کے لیے  شہباز شریف نے ریحام خان کو پیسے دیے، حمزہ عباسی—فائل فوٹو۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اور اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کتاب کے مسودے کی تردید نہیں کی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوئی کتاب چوری نہیں کی، ریحام خان نے جس کو کتاب کا مسودہ بھیجا اسی نے مجھے دیا ہے یہ وہ بھی جانتی ہیں۔

حمزہ عباسی نے کہا کہ جس شخص نے کتاب کا مسودہ دیا اس کا نام نہیں بتاسکتا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ کتاب شائع کرنے کے لیے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ریحام خان کو پیسے دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریحام خان جلد ازجلد کتاب شائع کریں،ہم لندن میں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

کتاب میں کچھ نہیں تھا تو ریحام تردید کردیتیں، وسیم اکرم

پروگرام کے دوران کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ سوچ رہا ہوں ایسے لوگ بھی دنیا میں ہیں جو پیسے کے لیے گھٹیا کام کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کتاب میں ایسا کچھ نہیں ہے تو ریحام خان تردید کردیتیں، اگر یہ سب باتیں ہوئی تومیں آخرتک جاؤں گا۔

وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ اگر مجھے ریحام خان کے خلاف کارروائی کے لیے انگلینڈ یا امریکا جانا پڑے توجاؤں گا۔

کتاب کا مواد چرایا گیا، ریحام خان

اس سے قبل پروگرام کے دوران ریحام خان کا کہنا تھا کہ ان کی کتاب کا مواد چرایا گیا ہے۔

ریحام خان نے کہا کہ ان کا مسلسل پیچھا کیا جارہا ہے، شک ہے کہ ان کے فون بھی ٹیپ کیے جارہے ہیں۔

ریحام خان کا کہنا تھا کہ کتاب میں ذاتی تجربات بیان کیے ہیں، اس میں وسیم اکرم اور انیلہ خواجہ کا ذکر ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جو حرکتیں کررہی ہے اس کا میری کتاب سے کوئی تعلق نہیں، میری کتاب ان کوبےنقاب نہیں کررہی یہ خود کوبے نقاب کررہےہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے قانونی چارہ جوئی شروع کردی ہے ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا ہے، مجھے جو نوٹس بھجوایا گیا ہے کہ اس کی جگہ ردی کی ٹوکری ہے۔

ریحام خان نے کہا کہ حمزہ عباسی بچہ ہے، اس بچے کو استعمال کیا جارہا ہے، حمزہ عباسی بھی نہیں سمجھ رہے کہ انہیں استعمال کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :