Time 14 جون ، 2018
پاکستان

کراچی میں مافیا نے پانی چوری کرنے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا

پانی چور مافیا کی جانب سے کیا جانے والا گڑھا اور سیکشن پمپ نظر آ رہا ہے۔ فوٹو: جیو نیوز

کراچی میں مافیا نے پانی چوری کرنے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا ہے اور انتظامیہ کی ملی بھگت سے حب ڈیم سے شہر کو سپلائی کے لیے آنے والا پانی چوری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں حب ٹاؤن سے آنے والی 33 انچ کی پائپ لائن سے شہر کے مختلف علاقوں کو پانی کی سپلائی کی جاتی ہے۔

لیکن ٹینکر مافیا نے واٹر بورڈ اور پولیس کی ملی بھگت سے اس لائن سے پانی چوری کرنے کے لیے نیا طریقہ ڈھونڈ لیا ہے۔

پانی چور مافیا کی جانب سے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے یوسف گوٹھ میں لائن کا پانی چوری کر کے گڑھوں میں جمع کیا جاتا ہے۔

علاقہ مکینوں کا بتانا ہے کہ واٹر بورڈ اور ٹینکر مافیا کی ملی بھگت سے اس لائن میں سوراخ کیے گئے ہیں جہاں سے پانی چوری کر کے ٹینکرز مافیا کو فروخت کیا جاتا ہے۔

پائپ لائن سے پانی چوری کرنے کے لیے زمین میں 20 فٹ تک گڑھے کیے گئے ہیں اور پھر سیکشن پمپس کی مدد سے پانی چوری کیا جاتا ہے۔

پولیس اہلکار بھی اس غیر قانونی دھندے میں ملوث ہیں اور مختلف مقامات پر قائم پولیس چوکیاں ان ٹینکرز سے 400 روپے تک بھتہ وصول کرتی ہیں۔

یہاں سے بھرے ہوئے ٹینکرز بلدیہ ٹاؤن اور سعید آباد کے علاقوں میں 2 سے 3 ہزار روپے میں فروخت کیے جاتے ہیں تاہم انتظامیہ نے اس سارے معاملے پر چپ سادھ رکھی ہے۔

مزید خبریں :