Time 17 جون ، 2018
پاکستان

عمران خان کے حامی کو لگتا ہے اس کے ساتھ دھوکا ہوا، ریحام خان


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ جس نے عمران خان کو سپورٹ کیا وہ محسوس کر رہا ہے کہ اس کے ساتھ دھوکا ہوا۔

ایک بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے لیے پی ٹی آئی نے بمشکل 15 سے20 ٹکٹ پرانے کارکنوں کو دیے، اسٹیٹس کو کے معاملے پر پی ٹی آئی کی سیاست نچلی ترین سطح پرہے۔

عمران خان کی سابق اہلیہ کا کہنا تھا کہ وہ ووٹ کے لیے مذہب کو استعمال کرنے کی مخالف ہیں۔

ریہام خان نے کہا کہ محنت سے کتاب لکھی ہے جو ابھی آئی نہیں اس لیے قانونی نوٹس بھیجنے کا جواز نہیں بنتا۔

انٹرویو کے دوران ریحام خان نے کہا کہ اگر آپ کو کتاب چاہیے تو بنی گالہ فون کرکے کاپی لے سکتےہیں، نواز شریف کو بھی میری کتاب چاہیے تو وہیں سے مل سکتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں نفرت انگیزی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

ریحام خان کی کتاب پر اٹھنے والا تنازع

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی آنے والی کتاب شائع ہونے سے پہلے ہی تنازعات کا شکار ہوگئی ہے۔

2 جون کو تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ریحام خان کی کتاب کی تصنیف و اشاعت کا سارا ڈرامہ حقیقی اپوزیشن کو گرانے کے لیے رچایا گیا اور اس سارے معاملے سے پی ٹی آئی اَپ سیٹ ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ریحام خان کی ملاقاتوں کے سارے ثبوت مل گئے ہیں کہ انہوں نے مریم نواز سے ملاقات کی جس کا اہتمام احسن اقبال نے کروایا، اس ملاقات کے ناقابل تردید شواہد نے ساری سازش کا پول کھول دیا ہے۔

تاہم احسن اقبال کی جانب سے اس الزام کی تردید کی جاچکی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما حمزہ علی عباسی اور گلوکار سلمان احمد کی جانب سے ریحام خان پر کتاب لکھنے کے لیے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ایک لاکھ پاؤنڈز لینے اور احسن اقبال کے توسط سے مریم نواز سے ملاقات کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

برطانیہ میں بھی ایک لاء فرم کی جانب سے ریحام خان کو ان کی کتاب کے حوالے سے قانونی نوٹس بھجوایا گیا ہے۔

دوسری جانب ریحام خان نے بھی حمزہ علی عباسی کو قانونی نوٹس بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حمزہ عباسی نے ان سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائیں، لہذا وہ غیر مشروط معافی مانگیں۔

مزید خبریں :