Time 19 جون ، 2018
پاکستان

نگران وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے اثاثوں کی تفصیلات جاری

الیکشن کمیشن کا دیگر کو اثاثوں کی تفصیلات دینے کیلئے خط لکھنے کا فیصلہ، ذرائع_ فوٹو/ فائل

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں۔

جیونیوز کو حاصل دستاویزات کےمطابق نگران وزیراعظم ناصرالملک کےنام پر پاکستان میں 14 جائیدایں ہیں، ان کی سوات میں 8 مختلف اراضی گفٹ ظاہر کی گئیں جب کہ پشاور میں اراضی بھی والد کی طرف سے گفٹ ظاہر کی گئی ہے۔

اسلام آباد ڈی 12  اور جی 14 میں ایک ایک کنال کا گھر  جب کہ ڈپلومیٹک انکلیو اور کنسٹی ٹیوشن اپارٹمنٹ میں ایک ایک اپارٹمنٹ بھی نگراں وزیراعظم کی ملکیت ہیں۔

نگران وزیراعظم کی اہلیہ کےنام سنگاپور اور لندن میں جائیدادیں ہیں، ان کی اہلیہ کی لندن میں جائیداد کی مالیت 272،850 پاؤنڈ ہےجب کہ ناصرالملک کےا ثاثوں میں 31 لاکھ روپے کے زیورات اور 65 لاکھ روپے مالیت کا فرنیچر بھی شامل ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہےکہ نگران وزیراعظم کی 4 مختلف بینکوں میں 10 کروڑ25 لاکھ سے زائد کی رقم موجود ہے، جسٹس (ر) ناصر الملک کی پراپرٹی پر 380،363 ڈالر کا مورگیج موجود ہے، ان کی ہونڈا سوک 2012 ماڈل کی کارکی مالیت 10 لاکھ روپے ہے جب کہ ٹویوٹا 2012 ماڈل کی مالیت 48 لاکھ روپےظاہر کی گئی ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے 2 کروڑ روپے کے اثاثے ہیں

دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے اثاثوں میں 70 لاکھ مالیت کا گھر شامل ہے، اس کے علاوہ حسن عسکری کے پاس 9 لاکھ 30 ہزار روپے کیش اور پرائز بانڈز ہیں۔

الیکشن کمیشن کےمطابق حسن عسکری کے پاس ایک کروڑ روپے کا بینک بیلنس ہے اور وہ 2 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

علاوہ ازیں ذرائع کاکہناہےکہ نگران حکومت کے دیگر وزرائے اعلیٰ اور وزرا نے الیکشن کمیشن کے احکامات پر عمل نہیں کیا، ناصرالملک، شمشاداختر، اعظم خان، دوست محمد اور حسن عسکری کے علاوہ کسی نےتفصیلات نہیں دیں۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ الیکشن کمیشن نے نگران وزرائے اعلیٰ اور کابینہ کو یاد دہانی کا خط لکھنےکا فیصلہ کیا ہے اور خط میں فوری طور پر اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانےکا کہا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق حلف اٹھانے کے 3 روز کے اندر اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانا لازمی ہوتا ہے۔

مزید خبریں :