دنیا
Time 24 جون ، 2018

سعودی خواتین کو 28 برس بعد گاڑی چلانے کی اجازت

ارب پتی شہزادہ ولید بن طلال کی صاحبزادی ریم بن طلال گاڑی چلانے والی پہلی سعودی شہزادی بن گئیں۔ فوٹو: بشکریہ اے ایف پی

ریاض:سعودی عرب میں 28 برس بعد خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت دے دی گئی۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ رات 12 بجے خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت دی گئی جس کے بعد خواتین اسٹیرنگ تھام  کر سڑکوں پر نکل آئیں اور ارب پتی شہزادہ ولید بن طلال کی صاحبزادی ریم بن طلال نے بھی ڈرائیونگ کی اور وہ گاڑی چلانے والی پہلی سعودی شہزادی بن گئیں۔

سعودی حکومت نے ڈرائیونگ کے دوران تصویر بنانے پر سخت پابندی عائد کی ہے جس کی خلاف ورزی کرنے پر دو سے پانچ سال قید اور ایک سے تین لاکھ ریال جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

سعودی خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے سے سعودی عرب کو سالانہ 20 ارب ریال کی بچت ہوگی۔


سعودی عرب میں دوسرے ممالک کے ڈرائیورز کی تعداد 13 لاکھ سے زائد ہے جنہیں سعودی خاندانوں نے ڈرائیور کے طور پر رکھا ہے جنہیں تنخواہ کی مد میں سالانہ 33 ارب ریال دیے جاتے ہیں۔ 

سعودی خواتین نے خواتین پر ڈرائیونگ کی پابندی کو ختم کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور اس اقدام کو خواتین کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی سعودی خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت ملنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے اور مختلف تصاویر بھی پوسٹ کی جا رہی ہیں۔



مزید خبریں :