پاکستان
27 جولائی ، 2012

پاکستان ،فرانس کا سیکیورٹی امور میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ

پیرس… فرانسییسی حکومت نے دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے پاکستانی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ فرانس کی طرف سے سیکیورٹی امور میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کے اس عزم کا اعادہ سیکریٹری خارجہ جلیل عباس کی فرانسیسی سیکریٹری جنرل ڈیفنس فرانکس ڈیلون سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔ پاکستان کے سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جوکہ ان دنوں فرانس کے دورے پر ہیں‘ نے فرانسیسی سیکریٹری دفاع کو پاکستان کی سیکیورٹی کے معاملات بارے بریف کیا۔ فرانس نے پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تعاون کا یقین دلایا۔ سیکریٹری خارجہ جلیل عباس کی فرانسیسی سیکریٹری دفاع سے ملاقات وزیراعظم پاکستان کے گزشتہ سال کے دورہ فرانس کے تناظر میں تھی۔ جب دونوں ممالک نے تین مشترکہ اعلامیوں پر دستخط کئے تھے ان میں سے ایک اعلامیہ پاکستان کے ساتھ فرانس کے سیکیورٹی تعاون بارے تھا۔ اس اعلامیہ کی روشنی میں پاکستان اور فرانس کا مشترکہ سیکیورٹی کمیشن تشکیل دیا گیا جس کا پہلا اجلاس رواں سال مارچ میں ہوا تھا۔ سیکریٹری جلیل عباس نے فرانسیسی سیکریٹری دفاع ڈیلون کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ دریں اثناء سیکریٹری خارجہ جلیل عباس نے فرانسیسی صدر ہالینڈے کے خارجہ پالیسی بارے مشیر پال جین اورٹز سے بھی ملاقات کی۔

مزید خبریں :