,
Time 03 جولائی ، 2018
پاکستان

لاہور میں بارش سے نظام زندگی درہم برہم، مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق


لاہور: شہر اور  گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے بعد نظام زندگی درہم برہم ہوگیا جب کہ مختلف واقعات میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

لاہور اور اس کے گردونواح میں رات گئے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جس کا سلسلہ اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔

بارش کے باعث ریواز گارڈن میں بجلی کے تاروں سے کرنٹ لگنے کے نتیجے میں ریواز گارڈن چوکی کے ڈرائیور امانت اور رضاکار شاہ زیب جاں بحق ہو گئے۔

قرطبہ چوک پر موٹر سائیکل پر سوار اکبر نامی نوجوان بجلی کے تاروں سے چھو جانے جبکہ چائنا اسکیم میں بھی کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔

گمٹی بازار میں ایک جوتوں بنانے کے کارخانے کی چھت گرنے سے 2 مزدور جاں بحق ہوئے۔

بارش کے باعث مختلف واقعات میں زخمی ہونے والے 10 افراد مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

لاہور میں اب تک 252 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی: محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں صبح سے اب تک 252 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے جہاں  واسا ہیڈ آفس میں 183، اپرمال میں 180، مغل پورہ میں 185 اور تاج پورہ میں 170 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔

اس کے علاوہ مصری شاہ 216، سمن آباد 162، پانی والا تالاب 210، اقبال ٹاؤن 171، گلشن راوی 163، نشتر ٹاؤن 183، جوہر ٹاؤن 84، لکشمی چوک 243، پنجاب یونیورسٹی 129 اور میٹ آفس جیل روڈ پر 170 جب کہ میٹ آفس ائیرپورٹ پر 135 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔


بجلی معطل

شدید بارش کے باعث 150 سے زائد فیڈر ٹرپ ہو گئے اور شہر کے مختلف علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

لیسکو حکام کے مطابق متاثرہ فیڈرز میں سے زیادہ تر بحال ہوچکے ہیں جبکہ بقیہ کی بحالی کے لیے کام جاری ہے۔

لیسکو چیف مجاہد پرویز چھٹہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسلا دھار بارش کے باوجود لیسکو کا ترسیلی نظام بحال کردیا گیا ہے۔

لیسکو چیف کے مطابق چند ایک فیڈرز اور انفرادی خرابیاں دور کی جارہی ہیں، میں خود فیلڈ میں ہوں، تمام عملہ و افسران مکمل بحالی تک گھروں کو نہیں جائیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ تمام تر مشکلات کے باجود کم ترین وقت میں 90 فیصد فیڈرز بحال ہوگئے۔

نشیبی علاقوں میں پانی جمع


تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے جب کہ ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران مزید بارش ہونے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کی وارننگ

پراونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو وارننگ جاری کی ہےکہ شہری غیر ضروری سفر اور بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، ٹریفک مسائل کے پیش نظر گاڑیاں سڑکوں پر نہ لائیں جب کہ شہری کھڑے پانی، بجلی کے تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں۔

جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے مالی امداد کا اعلان

نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہےکہ بارشوں کے پیش نظر انتظامیہ اور متعلقہ محکمے ہمہ وقت چوکس رہیں، نکاسی آب کے لیے تمام تر وسائل اور اقدامات بروئے کار لائے جائیں، انتظامی حکام اور متعلقہ افسران فیلڈ میں جاکر نکاسی آب کی نگرانی کریں۔

نگران پنجاب حکومت نے بارش کے باعث حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 8 لاکھ روپے دیےجائیں گے۔

بارش کے باعث مختلف حادثات میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :