حریم فاروق کی کینیڈین وزیراعظم سے ملاقات، انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے اشتراک پر گفتگو

پاکستانی اداکارہ حریم فاروق، کینیڈین وزیر اعظم سے ملاقات کے موقع پر—. فوٹو/انسٹاگرام 

پاکستانی اسٹارز، انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو بین الاقوامی سطح پر کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، ایسے میں خوبرو اداکارہ و پروڈیوسر حریم فاروق نے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات کی، جس میں دونوں ملکوں کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

اداکارہ حریم فاروق اس وقت کینیڈا کے دورے پر ہیں جہاں دارالحکومت اوٹاوا میں ان کی جسٹن ٹروڈو سے ملاقات ہوئی۔

حریم فاروق نے اس ملاقات کی تصاویر مداحوں سے انسٹاگرام پر شیئر کیں اور ساتھ میں لکھا، ’یہ لمحہ میرے کیریئر کی بلندی ہے کہ مجھے جسٹن ٹروڈو سے ملاقات کا موقع ملا‘۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کینیڈین وزیراعظم سے ملاقات کے دوران پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری پر تفصیلی گفتگو کی گئی، ساتھ ہی فلموں، ڈراموں، موسیقی اور ٹیلنٹ کے اشتراک سے دونوں ممالک کو قریب لانے کے حوالے سے بھی تفصیلی بات کی گئی۔


آخر میں حریم فاروق نے اپنے تمام مداحوں کی محبت اور ان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

حریم  فاروق ’دیار دل‘، ’صنم‘ اور ’موسم‘ جیسے کامیاب ڈراموں کے علاوہ فلم ’دوبارہ پھر سے‘ اور ’پرچی‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ 



مزید خبریں :