27 جولائی ، 2012
اسلام آباد … صدر آصف علی زرداری نے بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بابا گرونانک کے یوم پیدائش کی تقریبات پر اپنے آبائی گھر کا بھی دورہ کریں۔ صدارتی ترجمان کے مطابق صدر زرداری کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے پہنچائی گئی ہے۔ صدر زرداری نے بھارتی وزیراعظم کو تجویز دی ہے کہ وہ بابا گرونانک کے یوم پیدائش کی تقریبات پر اپنے آبائی گھر کا بھی دورہ کریں۔ صدر زرداری نے مزید کہا ہے کہ من موہن سنگھ کے دورے کو پاکستانی عوام میں پذیرائی ملے گی اور اس سے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ دعوت نامے میں انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کے دورے سے پاک، بھارت تعلقات کو درست سمت میں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی اور اس سے پر امن اور خوشحال جنوبی ایشیا کے مشترکہ خواب کی تکمیل بھی ممکن ہوگی۔صدر زرداری نے کہا ہے کہ من موہن سنگھ کو دورے کی دعوت دو طرفہ امن عمل کو قائم رکھنے اور اسے نتیجہ خیز بنانے کیلئے اہم ہے۔