12 جولائی ، 2018
پشاور: قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق نیب نے عمران خان کو 18 جولائی کو طلب کرلیا جب کہ اس سے قبل نیب نے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق سوالنامہ بھی تیار کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان سے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کے بارے سوالات پوچھے جائیں گے۔
یاد رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے 2 فروری کو عمران خان کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کے 2 ہیلی کاپٹرز کو غیرسرکاری دوروں کے لئے نہایت ارزاں نرخوں پر استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا تھا۔
نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ عمران خان ایم آئی 17 پر 22 گھنٹے اور ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52 گھنٹے پرواز کی اور اوسطاً 28 ہزار روپے کے حساب سے 74 گھنٹوں کے 21 لاکھ 7 ہزار 181 روپے ادا کیے۔