Time 14 جولائی ، 2018
بلاگ

امریکا کی خوبصورت ریاست ارکنساس کا دورہ

—تصویر بشکریہ لکھاری۔

انٹرنیشنل سینٹر فار جرنلسٹ کے پروگرام کے تحت امریکہ جانے کا اتفاق ہوا۔ سر سبز و شاداب خوبصورتی سے مالا مال امریکی ریاست ارکنساس کے دارلحکومت لٹل راک میں پندرہ دن رہنے اور مقامی ٹی وی چینل کے  اے آر کے 4 نیوز کے ساتھ کام کرنے موقع ملا۔ 

یہاں کے قدرتی ماحول کو دیکھ کر راحت محسوس ہوتی ہے سڑکوں کے اطراف  درختوں کی قطاریں دیکھ کر ڈرائیو کرتے ہوئے کچھ لمحے رُک جانے کو جی چاہتا ہے۔ انواع و اقسام کے درخت، پودے اور پھول ہر لمحہ آپ کو ہشاش بشاش رکھتے ہیں۔

یہاں کی آبادی تقریباً تین ملین ہے، ہریالی سے بھرپور اس ریاست میں تقریباً 70 سے زائد شہر اور قصبے ہیں۔ ارکنساس کا رقبہ 53،179 مربع میل ہے۔یہاں ریاستی حکام خصوصاً گورنر صوبے کے تمام تر سیاسی اور معاشرتی و معاشی معاملات دیکھتے ہیں مگر شہر کی بہتری کے لیے میئر کا  اہم کردار ہے۔

—تصویر بشکریہ لکھاری۔

ارکنساس امریکہ کی جنوبی ریاست ہے یہاں موجود ہر چیز اور مناظر اپنی مثال آپ ہیں۔ ارکنساس کی آبادی ریاست میں پھیلی ہوئی ہے جس کا اپنا حسن ہے۔

 یہاں کے افراد قدرتی نظاروں، چرند پرند اور جانوروں سے بہت پیار کرتے ہیں۔لوگ قدرتی ماحول کی قدر کرتے ہیں یہاں تک کہ ایک پرندہ یا جانور بھی مر جائے تو ان کے چہرے اداس ہوجاتے ہیں۔ شگفتگی پیار اور محبت سے بات کرنے والے ارکنساس کے لوگ ہر لمحہ ایک دوسرے کی مدد کو تیار ہوتے ہیں۔

 یہاں تفریح کے بھی بے شمار مواقع ہیں۔جنہیں نیچر سے پیار ہے وہ ’پینکل ماؤنٹین‘ کا  رخ کر سکتے ہیں، ایڈوینچر کے شوقین ’ہاٹ اسپرنگ‘ اور ’میجک اسپرنگ‘ جب کہ  شاپنگ کے لیے کئی مالز  موجود ہیں۔

 ارکنساس کا موسم گرم مرطوب ہے۔ لب دریا ہونے کے باعث یہاں کی شام ٹھنڈی ہوتی ہے۔ دریائے ارکنساس یہاں بہتا ہے جس میں آبی حیات کی نشو نما خوب ہے۔ ارکنساس میں کئی بارز اور کیسینو ہیں جہاں ہر ہفتے لوگ تفریح کے غرض سے آتے ہیں۔ لوگوں کو ہفتہ وار  چھٹیوں میں کافی وقت انجوائے کرنے کو مل جاتا ہے۔ 

تصویر بشکریہ لکھاری۔

یہاں کے لوگوں کو وقت کی اہمیت کا بہت احساس ہے۔ پیر سے جمعے تک یہاں کافی مصروفیت ہوتی ہے۔ جلدی سونے اور جلدی جاگنے والے امریکی بھرپور محنت اور لگن سے اپنے دفتری امور انجام دیتے ہیں۔

 یہاں ہر قومی اور بین الاقومی دنوں اور تہواروں کو شاندار انداز میں منایا جاتا ہے۔یہاں کے لوگ  کھانے پینے کے  بھی شوقین ہیں یہی وجہ ہے کہ اکثر شام کے وقت ریسٹورنٹس میں لوگوں کی چہل پہل ہوتی ہے۔

ارکنساس کے دارالحکومت لٹل روک مین ڈاؤن ٹاؤن کا علاقہ کافی مصروف ہے ضرورت کی ہر شے یہاں باآسانی مل جاتی ہے کچھ مسائل اس ریاست کا بھی حصہ ہیں جیسے یہاں بے گھر لوگوں کی تعداد میں اضافہ منشیات کے عادی لوگ غربت اور بے روزگاری شامل ہیں مگر ان مسائل کو حل کرنے کے  لیے یہاں کی حکومت کافی سنجیدہ ہے۔

۔—تصویر بشکریہ لکھاری۔

 یہاں کے مخیر حضرات بھی اپنی مدد آپ کے تحت دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرتے نظر  آتے ہیں۔یہاں لوگوں کو گھر میسر ہیں۔ پانی، بجلی اور گیس کا کوئی مسئلہ نہیں، ٹریفک کے لیے بہت منظم نظام موجود ہے اور لوگ ٹریفک کے اشاروں کو ہر صورت میں مانتے ہیں۔ یہاں کی پولیس رشوت اور سفارش سےدور ہے اور اپنے فرائض دیانت داری سے انجام دیتی ہے۔

 ارکنساس میں صفائی ستھرائی کا نظام  بھی انتہائی موثر ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ناصرف انتظامیہ اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیتی ہے بلکہ شہری بھی اس بارے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔


جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔