Time 19 جولائی ، 2018
پاکستان

چائے پر دو لاکھ روپے کے اخراجات: نیب کے پی کے نے معاملہ ہیڈ کوارٹر بھجوا دیا


خیبر پختونخواہ ہاؤس اسلام آباد میں ایک وقت کی چائے پر دو لاکھ روپے کے اخراجات کا معاملہ جانچ پڑتال کے لیے نیب ہیڈ کوارٹرز بھجوا دیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ کے پی کے کی نگران حکومت کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کے لیے 10 جولائی کو نیب خیبر پختونخوا کو ایک خط لکھا گیا۔

خط ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کی جانب سے نیب کے پی کے کو لکھا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد کی تحقیقات نیب خیبر پختونخوا کے دائرہ اختیار میں نہیں آتیں اس لیے صوبائی حکومت کا خط جانچ پڑتال کے لیے نیب ہیڈ کوارٹرز بھجوا دیا گیا ہے۔

نگران صوبائی حکومت کی جانب سے نیب خیبر پختونخوا کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ انتہائی سنگین معاملہ ہے لہذا اس کی تحقیقات کی جائے۔

نگران حکومت نے نیب کو لکھے گئے خط میں اس معاملے میں تعاون کی درخواست بھی کی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں کے پی کے ہاؤس اسلام آباد میں چائے کے اخراجات کا معاملہ اٹھایا گیا تھا۔

جیو نیوز کے سینئر تجزیہ کار اور پروگرام جرگہ کے میزبان سلیم صافی نے 8 جولائی کے پروگرام میں انکشاف کیا تھا کہ خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں انہیں اور ان کی ٹیم کو جو چائے پلائی گئی تھی اس کا بل کے پی کے ہاؤس اسلام آباد کی جانب سے ایک لاکھ 89 ہزار روپے بنایا گیا تھا۔

صوبائی نگران حکومت نے جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد کے اخراجات سے متعلق خبر کا نوٹس لیا تھا۔

مزید خبریں :