پاکستان
Time 22 جولائی ، 2018

اکرم درانی پر چند روز کے دوران دوسرا قاتلانہ حملہ، ایم ایم اے امیدوار محفوظ


بنوں: متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اکرم خان درانی کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی تاہم وہ قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے۔ 

رہنما ایم ایم اے اکرام خان درانی پر چند روز کے دوران یہ دوسرا حملہ ہے جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ اکرم درانی انتخابی مہم کے سلسلے میں بنوں کے علاقے بسیہ خیل جارہے تھے کہ ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم افراد اکرم خان درانی کی گاڑی پر فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے تاہم قاتلانہ حملے میں وہ محفوظ رہے۔

یاد رہے کہ 13 جولائی کو اکرم درانی جلسے میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے کہ بنوں کے مضافاتی علاقے حوید میں ان کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ 

اکرم خان درانی قومی اسمبلی کے حلقے این اے 35 بنوں سے متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے)کے ٹکٹ پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے مدمقابل الیکشن لڑ رہے ہیں۔

انتخابی امیدواروں پر حملے

10 جولائی کو پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ میں دھماکے کے نتیجے میں اے این پی امیدوار ہارون بلور سمیت 22 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔

13 جولائی کو مستونگ میں انتخابی مہم کے دوران خودکش حملے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی سمیت 149 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے۔

13 جولائی کو ہی متحدہ مجلس عمل کے این اے 35 بنوں سے امیدوار اکرم خان درانی کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا جس میں 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

17 جولائی کو سابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے این اے 55 اٹک سے امیدوار شیخ آفتاب کامرہ میں انتخابی مہم میں شرکت کے بعد واپس آرہے تھے کہ ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تاہم وہ قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے۔

مزید خبریں :