Time 28 جولائی ، 2018
پاکستان

الیکشن 2018: ملک بھر میں مذہبی جماعتوں کو کتنے ووٹ پڑے؟

مذہبی جماعتوں کو  سب سے زیادہ ووٹ صوبہ پنجاب میں ملے—۔فائل فوٹو

اسلام آباد: 2018 کے عام انتخابات میں ملک بھر میں مذہبی جماعتوں کو مجموعی طور پر 46 لاکھ 74 ہزار 545 ووٹ پڑے۔ اعداد و شمار کے مطابق مذہبی جماعتوں کو صوبہ پنجاب میں سب سے زیادہ 18 لاکھ 59 ہزار 198 ووٹ ملے ۔ 

25 جولائی کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں کئی مذہبی جماعتوں نے بھی حصہ لیا۔

ان مذہبی جماعتوں نے پاکستان کے تمام صوبوں بشمول اسلام آباد سے مجموعی طور پر 46 لاکھ 74 ہزار 545 ووٹ حاصل کیے۔ 

اعداد و شمار کے مطابق مذہبی جماعتوں نے جس صوبے سے سب زیادہ ووٹ حاصل کیے وہ صوبہ پنجاب ہے۔

پنجاب میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 55 سے حلقہ این اے 195 تک مذہبی جماعتوں کو ملنے والے ووٹوں کی تعداد 18 لاکھ 59 ہزار 198 ہے۔

پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا نے مذہبی جماعتوں کو سب سے زیادہ ووٹ دیئے، خیبر پختونخواہ میں این اے 1 سے این اے 51 تک مذہبی جماعتوں نے 13 لاکھ 47 ہزار 367 ووٹ حاصل کیے۔

اسی طرح صوبہ سندھ میں این اے 196 سے این اے 256 تک مذہبی جماعتوں نے 11 لاکھ 24 ہزار 47 جبکہ بلوچستان میں این اے 257  سے این اے 272 تک 3 لاکھ 4 ہزار 129 ووٹ حاصل کیے۔

عام انتخابات 2018 میں اسلام آباد کے قومی اسمبلی کے تین حلقوں این اے 52، این اے 53 اور این اے 54 میں مذہبی جماعتوں کو ملنے والے ووٹوں تعداد 39 ہزار 804 ہے۔

مزید خبریں :