28 جولائی ، 2018
کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں راؤ انوار کے دیگر دو ساتھیوں کی ضمانتیں منظور کرلیں۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے راؤ انوار کی بریت کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو 18 اگست کے لیے نوٹس جاری کردیئے۔
اس کے علاوہ عدالت نے راؤ انوار کے دیگر ساتھیوں اور کیس میں نامزد ملزمان سب انسپکٹر محمد یاسین اور اے ایس آئی سپرد حسین کی دو دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر ضمانت منظور کرلی جب کہ ڈی ایس پی قمر احمد کی درخواست ضمانت پر آئندہ سماعت پر حکم جاری کرنے کا کہا گیا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 اگست تک ملتوی کردی۔
راؤ انوار کی گفتگو
دوسری جانب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راؤ انوار نے کہا کہ نقیب اللہ قتل کیس میں گرفتار پولیس والوں کو بلاوجہ پھنسایا گیا ہے، کچھ لوگ ان پولیس والوں سے اپنی مرضی کا بیان لینا چاہتے تھے، وہ بیان ان کو نہیں ملا تو ان کے اوپر بلاوجہ کیس بنا دیا گیا۔