پاکستان
Time 29 جولائی ، 2018

شہباز شریف نے پیپلزپارٹی سے پنجاب میں تعاون مانگ لیا


پنجاب میں حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ ن نے بھی رابطوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے، ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کے رہنما مخدوم احمد محمود سے ملاقات کرکے پنجاب میں تعاون مانگ لیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود سے لاہور میں ملاقات کی اور ان سے پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پیپلزپارٹی کے 6 ایم پی ایزکی حمایت مانگی۔

دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے اس سے قبل میثاق جمہوریت پر دستخط کیے تھے اور آئندہ بھی ساتھ ساتھ چل سکتے ہیں۔

مخدوم احمد محمود نے شہباز شریف کوبتایا کہ پنجاب میں کسی بھی جماعت سے تعاون کا حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔

ن لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹو و پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

اسمبلیوں میں حلف اٹھانا ہے یا نہیں ؟ مسلم لیگ ن کے فیصلے کا حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کو انتظار ہے۔ ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے فیصلے سے پہلے مشاورت کے لیے پارٹی کے سب بڑوں کو آج لاہور میں طلب کرلیا۔

شہباز شریف کی صدارت میں پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے یا نہ اٹھانے کے بارے میں حتمی فیصلے سے قبل نواز شریف کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا اور نواز شریف سے مشاورت کی روشنی میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

مزید خبریں :