Time 30 جولائی ، 2018
پاکستان

نواز شریف کی صحت کو نقصان پہنچا تو ذمے دار شخص کو معاف نہیں کریں گے، خواجہ آصف

میاں صاحب کی صحت سے متعلق پارٹی اور عوام میں سخت تشویش پائی جاتی ہے، خواجہ آصف—اے ایف پی فائل فوٹو۔

لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ اگر سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کو کوئی نقصان پہنچا تو ذمے دار شخص کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔

پارٹی کے سی ای سی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اطلاع ہےکہ نواز شریف کو پمزشفٹ کر دیا گیا ہے اور ان کی طبیعت ناساز ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جن حالات میں نواز شریف کو رکھا گیاہے اس پر خدشات بڑھتے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کی صحت سے متعلق پارٹی اور عوام میں سخت تشویش پائی جاتی ہے، ان کی ہارٹ کی 2 سرجریز بھی ہوچکی ہیں۔

سابق وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ایسے حالات میں نہ رکھا جائے کہ جس میں ان کی صحت مزید بگڑ جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مانسہرہ میں احتجاج کرنے والوں کی شہادت کے واقعے کی تحقیقات کی جائے اور واقعے کے ذمے داروں پر مقدمات قائم کیے جائیں۔

دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ

مسلم لیگ ن نے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا بھی مطالبہ کر دیا۔

خواجہ آصف نے یاددہانی کروائی کہ تحریک انصاف کے مطالبے پر کمیشن ن لیگ کی حکومت نے بھی بنایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن نان پی سی او ججوں پر مشتمل ہونا چاہیے، الیکشن پر وائٹ پیپر بھی شائع کیا جائے گا ۔

مزید خبریں :