30 جولائی ، 2018
اسلام آباد: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور متوقع وزیراعظم عمران خان کو الیکشن 2018 میں کامیابی پر مبارک باد دی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی وزیراعظم نے عمران خان کو مبارک باد بذریعہ ٹیلی فون دی۔
عمران خان سے گفتگو میں نریندر مودی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کی جڑیں مزید گہری ہوں گی۔
اس سے قبل افغان صدر اشرف غنی اور کئی دیگر عالمی رہنما بھی عمران خان کو فون پر الیکشن جیتنے کی مبارک باد دے چکے ہیں۔
اشرف غنی نے عمران خان کو دورہ افغانستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبل کرلیا۔
پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے گفتگو کے حوالے سے بتایا کہ افغان صدر کا عمران خان سے کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے تاریخی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک بھائی چارے، ہمسائیگی اور دوستی کے دیرینہ رشتوں سے منسلک ہیں۔
افغان صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان افغانستان میں بہت مقبول اور نوجوانوں کے ہیرو ہیں، افغان نوجوانوں میں عمران خان کی مقبولیت کی وجہ سے ہی افغانستان میں کرکٹ کو فروغ ملا۔