Time 01 اگست ، 2018
کاروبار

نگران حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ


اسلام آباد: نگران حکومت نے اگست کے مہینے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ ڈیزل کی موجودہ قیمت 112.94 روپے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 83.96، لائٹ ڈیزل کی قمیت75.37 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی موجود قیمت 95.24روپے فی لیٹر برقرار رہےگی۔

وزارت خزانہ کے مطابق اوگرا نے عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے باعث قیمتیں بڑھانےکی سفارش کی تھی تاہم قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے کیا گیا۔

خیال رہے کہ اگست میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق خبریں گردش کررہی تھیں۔

گزشتہ ماہ نگران حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 99.50 روپے ہوگئی تھی۔

تاہم بعدازاں حکومت نے ٹیکس میں کمی کردی جس کے بعد سے پیٹرول 95 روپے 24 پیسے میں دستیاب ہے۔