09 اگست ، 2018
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور متوقع وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کے کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی کو کچھ نہ بولنے کی ہدایت کردی۔
فردوس شمیم نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پارٹی چیئرمین نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت حکومت بنانا سب سے اہم ہے، تلواریں میان میں رکھیں۔
ایم کیو ایم سے اتحاد مجبوری ہے یا نہیں ؟ اس بیان کے بارے میں فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ عمران خان نے خاموش رہنے کا کہا ہے اس لیے خاموش رہوں گا۔
فردوس شمیم کے مطابق عمران خان نے کہا کہ جب تک کراچی میں ترقی نہیں ہوگی پاکستان میں نہیں ہوگی۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ میرے بیان سے مجھے فائدہ ہوا، اتنی شہرت کبھی نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ میں 22 سال سے پارٹی میں ہوں کبھی عہدے کی خواہش نہیں کی، کراچی کی ترقی کے لیے جو بھی ساتھ دے گا اس کو خوش آمدید کہیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اصولوں پر ایم کیو ایم ہمارا ساتھ دے گی تو ہم اس کا ساتھ دیں گے۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل فردوس شمیم نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا ہم مجبوری میں ایم کیو ایم کے پاس گئے کیونکہ ہمیں ووٹ پورے کرنے تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم کو الیکشن میں شکست میئر کراچی وسیم اختر کی وجہ سے ہوئی، کراچی میں الیکشن صاف وشفاف ہوئے، ڈبے کھلنے کا ڈر نہیں ہے۔
پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان مرکز میں حکومت سازی کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا ہے۔ ایم کیوایم نے پی ٹی آئی سے کراچی میں اپنے دفاتر کو کھلوانے کی یقین دہانی مانگی ہے جب کہ سندھ اسمبلی میں لیڈرآف اپوزیشن اور گرینڈ اپوزیشن الائنس بنانے کے لیے بھی تعاون کا کہا گیا ہے۔
ایم کیوایم نے تحریک انصاف سے کراچی سے متعلق ہر قسم کے امور میں اعتماد میں لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔