11 اگست ، 2018
کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی کے شہر دالبندین میں سیندک منصوبے کے ملازمین کی بس کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔
کمشنر کوئٹہ ہاشم غلزئی کے مطابق دھماکے کا نشانہ بننے والی بس سیندک منصوبے کے ملازمین کو لے کر دالبندین ایئرپورٹ کی طرف جارہی تھی کہ دالبندین سے 5 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکا بس سے کچھ فاصلے پر ہونے کی وجہ سے زیادہ نقصان نہیں ہوا، تاہم کھڑکیوں کے شیشے لگنے سے ملازمین زخمی ہوئے۔
کمشنر کوئٹہ کے مطابق دھماکے کے زخمیوں میں منصوبے کے 3 غیر ملکی ملازمین اور 3 ایف سی اہلکار شامل ہیں۔
دھماکے کے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے شیخ زید اسپتال منتقل کردیا گیا، جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب لیویز فورس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔