Time 12 اگست ، 2018
پاکستان

عمران اسماعیل نے عمران خان کے گورنر ہاؤسز گرانے کے دعوے کی تردید کردی


کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے گورنر ہاؤس کو منہدم کرنے کا وعدہ نہیں کیا اور نہ ہم ایسا کریں گے کیونکہ یہ عمارت تاریخی ورثہ ہے۔

خیال رہے کہ عمران خان نے جلسوں میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اقتدار میں آکر گورنر ہاؤس کو بلڈوز کر دیں گے ۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ترقیاتی منصوبوں میں پیپلزپارٹی بھی ہمارا ساتھ دے جبکہ میئر کراچی کوبھی ساتھ لے کر چلیں گے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ میں اپوزیشن لیڈر سےمتعلق کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت بن کرسامنےآئی ہے لہٰذا یہ تحریک انصاف سے ہی ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم حقیقی تبدیلی لےکرآئیں گے اور عمران خان کے پروگرام پر عمل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس کو منہدم نہیں کیا جاسکتا البتہ وہاں تعلیمی ادارہ بنایا جائے گا۔

عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس کا آفس استعمال کیا جائے گا، وہاں رہائش اختیار نہیں کروں گا۔

مزید خبریں :